• news

حکومت نے پیشگی شرائط کے بغیر کراچی میں 1320 میگاواٹ پاور منصوبے کی منظوری دیدی

؎اسلام آباد( آن لائن ) حکومت نے پیشگی شرائط پوری کیے بغیر جلد بازی میں کراچی کے قریب ایک ارب 90 کروڑ ڈالر مالیت کے ایک ہزار 320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کے منصوبے کی منظوری دے دی، جس سے ملکی معیشت پر بھاری بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔یہ پہلا بڑا پراجیکٹ ہے جسے 46 ارب ڈالر کے پاک۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت منظور کیا گیا، اس پراجیکٹ کی منصوبہ بندی میں احتساب بیورو کے سابق چیئرمین اور وزیراعظم نواز شریف کے قریب ساتھی سیف الرحمٰن نے بھی حصہ لیا، جبکہ وزیر اعظم گزشتہ سال اپریل میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھ چکے ہیں۔سیف الرحمٰن نے خود اس منصوبے کی منظوری کی تقریب کی نگرانی کی، جس کے لیے فنڈ چین کی سائینوہائیڈرو ریسورسز لمیٹڈ اور قطر کی المرقاب کیپیٹل مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کریں گے، جبکہ چین کا ایگزم بینک منصوبے کے لیے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ نتائج دکھانے کی جلد بازی میں پرائیویٹ پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) نے گزشتہ سال 22 دسمبر کو ڈائریکٹ لینڈرز ایگریمنٹ اور قانونی طور پر قابل اعتبار زمین کے حصول کے بغیر منصوبے کی منظوری اور اس کا اعلان کردیا۔ جس کے بعد وفاقی اور سندھ حکومت کے آمنے سامنے آنے کا بھی خدشہ ہے

ای پیپر-دی نیشن