پاکستان دفاعی لحاظ سے خودکفیل ‘ امن کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے: رانا تنویر
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے تیار کردہ تھنڈر طیاروں کی مانگ پوری دنیا میں دن بدن بڑھ رہی ہے۔ پاکستان دفاعی لحاظ سے خود کفیل ہو چکا ہے پاکستان کے پاس ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے اور انہیں بنانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔ بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی سے بھارت میں علیحدگی کی مزید تحریک ابھرے گی۔ بھارت کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں کا الزام ہمیشہ پاکستان پر لگاتا رہا ہے مگر آج تک کوئی بھی مؤثر ثبوت فراہم نہیں کر سکا بھارت پٹھان کوٹ واقعہ کے ثبوت فراہم کرے ہم کاروائی کرینگے پاکستان بھارت سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہا ں ہے ہماری امن کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ملک دشمن طاقتوں کو پاک چین اقتصادی راہداری اور 46 ارب ڈالر کی چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری جیسے منصوبے ہضم نہیںہو رہے۔ سیاسی جماعتوں کو اس تاریخی منصوبے پر سیاست نہیں کرنی چا ہئے۔ کراچی ٹارگٹڈآپریشن سے کراچی کا امن بحال ہوا ہے اگر کوئی اپنی کرپشن اور غلط فیصلوں کی وجہ سے قانون کی گرفت میں آجائے تو اس پر نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ نہیں بنانا چاہئے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے شرقپور شریف میں کتا ب کی رونمائی تقریب اور امامیہ کالونی میں نجی ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ ایران سعودی عرب تنازع پر ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے قوانین کے مطابق مجرموں کو سزا دے، ایران میں سعودی عرب کے سفارتخانوں کو جلایا جانا قابل مذمت ہے۔