گوجرانوالہ‘ موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ‘ لاہور کا ایکسیئن جاں بحق‘ لائن مین زخمی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ میں موٹر سائیکل سواروں کی گیپکو ہیڈ کوارٹرز کے باہر فائرنگ سے لاہور کا رہائشی ایکسیئن جاں بحق لائن مین زخمی جبکہ دوسرے واقعہ میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو گولیاں ماردی گئیں اسے نازک حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گیپکو چیف آفس میں تعینات ایکسیئن مظہر اقبال جو ڈپٹی ڈائریکٹر سرویلنس کے طور پر کام کر رہے تھے۔ ڈیوٹی سے فارغ ہونے کے بعد سرکاری گاڑی میں گھر جانے کیلئے نکلے دفتر سے چند قدم دور جی ٹی روڈ پر دن دیہاڑے موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے مظہر اقبال موقع پر دم توڑ گئے اور قریب سے گزرنے والا گیپکو لائن مین ابوبکر شدید زخمی ہوگیا اور حملہ آور فرار ہوگئے، اطلاع ملتے ہی اعلی پو لیس حکام اور ریسکیواہلکاروں نے زخمی اور نعش کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تھانہ ماڈل ٹائون پولیس مصروف تفتیش ہے، معلوم ہوا ہے کہ مقتول ایکسئین لاہور کے رہائشی تھے۔ گوجرانوالہ میں ڈیوٹی کے باعث وہ فیملی کے ہمراہ پیپلز کالونی میں گیپکو کی سرکاری رہائشگاہ میں رہا ئش پذیر تھے۔ دوسری طرف سینسرا گورائیہ کا رہائشی پولیس کانسٹیبل اعجاز احمد پولیو ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی دینے جا رہا تھا کہ کنگنی والا کے قریب موٹر سائیکل سوار افراد نے اس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اعجاز احمد شدید زخمی ہو گیا۔ حملہ آور فرار ہو گئے، اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ تھانہ صدر پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔ دوسری طرف گوجرانوالہ میں واپڈا ایکسیئن مظہر اقبال کے قتل پر گیپکو ملازمین نے آج ریجن میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ مزدور رہنما نے کہا ہے کہ لیسکو، فیسکو اور میپکو کے ملازمین بھی آج ہڑتال کریں گے۔