ڈی ایچ اے سکینڈل، حماد کے والد، بھائی کی 26 جنوری تک عبوری ضمانت منظور
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اربوں روپے کے ڈی ایچ اے سٹی سکینڈل کے مرکزی ملزم حماد ارشد کے بھائی مراد ارشد اور والد محمد ارشد کی 26 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے ڈی ایچ اے سٹی سکینڈل کے مرکزی ملزم حماد ارشد کو گرفتار کر رکھا ہے۔ نیب اب ملزم حماد اختر کو دباؤ میں لانے کیلئے اس کے بھائی اور والد کو گرفتار کرنا چاہ رہا ہے۔ جس کے لئے دونوں کے گھر ا ور دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مراد ارشد اور محمد ارشد کا ڈی ایچ اے سٹی سکینڈل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیب کو درخواست گزاروں کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔