• news

ایس اے ٹی کے ٹیسٹ: سوات کے طالب علم نے کیلیفورنیا میں 150 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

واشنگٹن (این این آئی) سوات سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے کیلی فورنیا میں ایس اے ٹی کے ٹیسٹ میں 2400 میں سے 2400 نمبر حاصل کرکے امریکی تاریخ کا 150 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ پاکستانی طالب علم ولید خان کا تعلق سوات کے علاقے ابوہا سے ہے۔ ان کے والد گوہر رضا ڈاکٹر ہیں اور وہ اپنے بیٹے کو بھی ڈاکٹر ہی بنانا چاہتے ہیں۔ امریکہ میں نصابی اور تعلیمی رجحانات کی جانچ کالجوں میں داخلے کے لئے کی جاتی ہے، تاکہ طلباء کی صلاحیتوں کا صحیح اندازہ لگایا جاسکے۔ اسے عرف عام میں ایس اے ٹی کہا جاتا ہے۔ اسی ٹیسٹ میں حاصل نمبروں کی بنیاد پر ملک کی بہترین یونیورسٹیز طلباء کا انتخاب کرتی ہیں۔ ولید خان کا کہنا ہے کہ میں اپنا یہ اعزاز پاکستان کے عوام اور دہشت گردی کے دوران شہید ہونے والے تمام افراد کے نام کرتا ہوں۔ پاکستانی طالب علم کے ایس اے ٹی میں ریکارڈ کو امریکی میڈیا نے بھرپور کوریج دی اور بتایا کہ ایک پاکستانی طالب علم نے کس طرح ایک ریکارڈ قائم کیا۔ امن کا نوبل انعام حاصل کرنیوالی ملالہ یوسف زئی نے، جن کا تعلق بھی پاکستان کے علاقے سوات سے ہے، ولید کی شاندار کامیابی کو سراہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن