پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوسرے روز بھی مندا سرمایہ کاروں کے 18 ارب روپے ڈوب گئے
کراچی (مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس ) اپنے قیام کے دوسرے روز بھی منڈی کا شکار رہی اور 100انڈیکس 32300کی نفسیاتی حد سے بھی گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں18 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 47.31 فیصد سے زائد رہا جبکہ66.66 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے آئل ،سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 32331پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم سیاسی افق پر چھائی بے یقینی اور گزشتہ دنوں بروکریج ہاؤس کے ڈائریکٹرز کی گرفتاری کے اثرات کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اور حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس54.40 پوائنٹس کمی سے 32265.65 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 315 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 85 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ ہوا، 210 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی ہوئی جبکہ 20 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 18 ارب 81 کروڑ 19 لاکھ 59 ہزار 593 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 68 کھرب 14 ارب 32 کروڑ 79 لاکھ 26 ہزار 185 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر منگل کو 12کروڑ74 لاکھ 10 ہزار 500 شیئرز کا کاروبار ہوا جو گزشتہ روز کی نسبت 4 کروڑ 9 لاکھ 24 ہزار 350 شیئرز زائدہے۔