• news

سینٹ: سعودی عرب‘ ایران کشیدگی پر مشیر خارجہ کی ان کیمرہ بریفنگ‘ اپوزیشن کا واک آئوٹ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سینٹ کا ان کیمرہ اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے سعودی عرب اور ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے احتجاجاً اجلاس سے واک آئوٹ کیا۔ ان کیمرہ اجلاس 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اجلاس سے متعلق چیئرمین نے رول پڑھ کر سنائے جس کے بعد گیلریوں سے تمام لوگوں کو نکال دیا گیا اور سینٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے اس دوران ٹیلیفون لائنیں بھی بند کر دی گئیں۔ بعد ازاں اپوزیشن ارکان نے مشیر خارجہ کی بریفنگ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشیر خارجہ نے ایوان میں وہی کچھ بتایا ہے جو قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کو بتا چکے ہیں کوئی نئی چیز نہیں بتائی گئی اور نہ ہی کوئی ایسی چیز ہے جسے ان کیمرہ رکھا جائے۔ کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا گیا جب معاملات کو خفیہ رکھنا ہے تو ہمیں بریفنگ کیا دی جا رہی ہے ۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے اجلاس سے واک آئوٹ کیا اور لابی میں جا کر بیٹھ گئے بعد ازاں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی ہدایت پر حکومت کے ارکان اپوزیشن کو منا کر لائے اس کے بعد اپوزیشن ارکان نے مطالبہ کیا کہ اجلاس کو اوپن کیا جائے ۔ سب جماعتوں نے سوال کئے ہیں لیکن کسی کا کوئی جواب نہیں آیا۔ ذرائع کے مطابق ارکان نے مشیر خارجہ سے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ سعودی عرب کو کون سا خطرہ ہے اور پاکستان سے کیا مدد مانگی گئی ہے 34 ممالک کا اتحاد کس کیخلاف ہے اور اسکے کیا مقاصد ہیں اور پاکستان کا اس میں کیا کردار ہے ۔ ان سوالات کے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر اپوزیشن نے احتجاجاً واک آئوٹ کیا تھا۔ علاوہ ازیں راہداری کے مغربی روٹ پر تحریک التوا بحث کیلئے منظور کرلی گئی۔ ایوان بالا نے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2016ء پر کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا پاکستان اور چین کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر نظرثانی کی جا رہی ہے، مزید سفارشات شامل کی جائیں گی، آزادانہ تجارت کے معاہدے سے پاکستان کی چین میں ایکسپورٹ میں 400 فیصد اضافہ ہوا ہے، معاہدہ سے قبل پاکستان کی برآمدات575 ملین ڈالر تھی جو 2014-15ء تک 2.1 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، گزشتہ دو سالوں کے دوران غیرمعیاری اشیاء کی درآمد اور برآمد کے دوران 64 مختلف خلاف ورزیوں کے کیسز پکڑے گئے۔ وزیر برائے موسمی تغیرات زاہد حامد نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ میں مغربی روٹ کو ترجیح دی جائے گی اور کسی بھی صوبے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن