ڈی ایچ اے لاہور کرپشن کیس‘ نیب کا کیانی برادران کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا فیصلہ
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈی ایچ اے لاہور سکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ ڈی ایچ اے انتظامیہ تک وسیع کرتے ہوئے ڈی ایچ اے کے دو بریگیڈیئرز اور ایک کرنل کے اکاؤنٹس کی تفصیلات سٹیٹ بینک سے طلب کر لی ہیں، نیب ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اے کے دو بریگیڈئرز ، ایک کرنل سمیت کیانی برادران کے بینک اکاؤنٹس کی چھان بین کا فیصلہ کیا گیاہے اور سٹیٹ بینک سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں، اس حوالے سے سٹیٹ بینک کو ایک لیٹر بھی ارسال کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک سے مذکورہ افراد کے آفیشل اور پرسنل بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ کس کس وقت بینک اکاؤنٹس میں کتنی رقم آئی اور کتنی رقم نکلوائی گئی، ذرائع کے مطابق سکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کی رفتار کو تیز کر دیا گیا ہے ، تحقیقات کے بعد جو فراڈ میں ملوث پائے گئے انکے خلاف کارروائی ہو گی اور جن کیخلاف ٹھوس شواہد نہ ملے انہیں کلیئر کر دیا جائے گا، ذرائع کے مطابق نیب میں دس ماہ کے اندر کسی بھی مقدمہ کو نمٹانے کا فارمولا وضع کر دیا گیا ہے، مذکورہ کیس کو بھی اسی فارمولے کے تحت نمٹایا جائے گا اور پرویز مشرف کے دور میں ہونے والی کرپشن کے زیر التواء مقدمات پر بھی کام کی رفتار کو تیز کر دیا گیا ہے۔