• news

بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیاں، سہ فریقی میکنزم بنانے پر تیار ہیں: افغان سفیر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) افغانستان نے اپنے ملک میں بھارت کی مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پاکستان کو سہ فریقی میکنزم بنانے کی پیشکش کر دی۔ اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹیڈیز میں پاک افغان تعلقات پر سیمینار سے خطاب میں افغان سفیر جانان موسی زئی نے واضح کیا کہ افغان حکومت پاکستان سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے۔ ہم اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔ افغانستان میں بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے شبہ کی صورت میں سہ فریقی میکنزم بنانے کیلئے تیار ہیں۔ جانان موسیٰ زئی نے درخواست کی پاکستان افغانستان میں امن مذاکرات میں تعاون کرے اور افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے، امن کا موجودہ موقع ضائع ہو گیا تو بہت خون خرابہ ہو گا اور ہر طرف تباہی پھیلے گی۔ افغان سفیر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان سے دہشت گرد افغانستان میں داخل ہو کر داعش کا حصہ بن رہے ہیں۔ افغانستان میں داعش کی 70 فیصد قیادت پاکستان سے آئی ہے۔ اقتصادی راہدری کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ افغان سفیر نے جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کے قریب حملے کی مذمت کی۔

ای پیپر-دی نیشن