پاکستانی اداروں نے پہلے بھی امن عمل پٹڑی سے اتارا، ہم تیار ہیں، بھارتی آرمی چیف کی بڑھک
نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں پاکستانی اداروں نے کئی مرتبہ امن عمل کو پٹڑی سے اتارا، ہمیں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے اور طویل آپریشن سے سبق سیکھنا چاہئے، پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے اگر حکومت فوج کو کسی طرح کی کارروائی کرنے کا حکم دیتی ہے تو وہ اس کے لئے پوری طرح تیار ہے، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ فوج قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ، پٹھانکوٹ حملے کے شواہد پاکستان کو فراہم کر دیئے ہیں، این آئی اے کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، مختلف سکیورٹی ایجنسیز میں تعاون کی کمی کا الزام غلط ہے، 560 سپاہیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ بدھ کو بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے سالانہ پریس کانفرنس میں حملہ آوروں سے ایئربیس کو چھڑانے کے لئے کئے گئے آپریشن کے لمبے دورانیے پر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے اس سے متعلق سوالات کے جواب نہیں دیئے اور کہاکہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سکیورٹی ایجنسیز میں تعاون کی کمی کا الزام غلط ہے، 560 سپاہیوں نے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ سپیشل فورسز کی ایک ٹیم بھی آپریشن کا حصہ تھی۔ آپریشن قابل تعریف رہا ،کم سے کم جانی نقصان کو یقینی بنانے کیلئے آپریشن مکمل کرنے میں وقت لگا، حملے کی جگہ سے پاکستانی نشانات والا اسلحہ ملا، این آئی اے واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر کے حالیہ بیان کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھاکہ حکومت کی پالیسی پر کوئی تبصرہ کرنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں۔ منوہر پاریکر نے کہا تھاکہ جو لوگ بھارت کو تکلیف دینا چاہتے ہیں انہیں بھی اس درد کا احساس دلانا ضروری ہے۔