• news

لٹیروں کو گریبانوں سے پکڑ کر قومی دولت نکلوائیں گے : سراج الحق

اسلام آباد (وقائع نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اب پاکستان اور کرپشن اکٹھے نہیں چل سکتے۔ ہم نے بڑا صبر اور نصیحت کی مگر لٹیروں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ اب ہم کرپشن اور سود کے خلاف بہت بڑی تحریک چلائیں گے اور کرپٹ لوگوں کو گریبانوں سے پکڑ کر قومی دولت نکلوائیں گے۔ وزیراعظم مودی کو دوست اور مولوی کو دشمن سمجھتے ہیں۔ حکمرانوںکا قبلہ واشنگٹن ، جبکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کا قبلہ مکہ مکرمہ ہے۔ ہم پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ نظام مصطفےٰ کے نفاذ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے۔ وہ منصورہ میں سیرت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے جماعت الدعوہ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا عبدالمالک، مولانا محمد امجد خان، قاری زوار بہادر، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے جس آئین کے تحت حلف اٹھایا، اسی سے بے وفائی کر رہے ہیں۔ پاکستان لبرل ازم اور سیکولرزم کے لیے نہیں بلکہ اسلامی نظام کے لیے بنا یاگیا تھا جس کا اظہار بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے کئی خطابات میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکمران آئین اور تحریک پاکستان کے شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں۔ معیشت کی تباہی اور غربت اور ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی اللہ کے احکامات سے روگردانی کی وجہ سے ہے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام پر بھوک و خوف مسلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔ ملک میں غلامان مصطفےٰ اور غلامان اوباما کا مقابلہ ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے پورا یقین ہے کہ ہم اس معرکے میں سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ استعماری قوتیں پاکستان کو بھی لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتی ہیں یہاں مسالک کی بنیادپر بھائی کو بھائی سے لڑایا جا رہا ہے۔ پاکستان کو اس وقت ایٹم بم سے بھی زیادہ قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ ہم علما کو متحد کر کے اسلام دشمن قوتوں کے ناپا ک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کی حفاظت کے لیے ہمیشہ غریبوں نے قربانی دی ہے۔ پاکستان ہمارے لیے مسجد کی حیثیت رکھتا ہے یہ ایک نظریاتی مملکت ہے جس کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ معیشت کی تباہی اور اداروں کی بربادی کے ذمہ دار وہ کھرب بتی ہیں جنہوں نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے صرف دو محکموں میں 10 کھرب اور 74 ارب روپے کی کرپشن کا سراغ لگایا اگر یہ کرپشن ختم ہو جائے تو ملک میں تعلیم وصحت کی سہولتیں مفت فراہم کی جاسکتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن