• news

اردو نافذ نہ کرنے پر وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی 7ویں درخواست دائر

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود قومی زبان اردو کی بجائے انگریزی میں خطابات اور اردو نافذ نہ کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف 7 ویں توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی نے دائر درخواست میں وزیراعظم نواز شریف کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 8 ستمبر 2015ء کو حکم جاری کیا تھا کہ وفاق کے زیرانتظام کام کرنے والے تمام ادارے (سرکاری یا نیم سرکاری) اپنی پالیسیوں کا تین ماہ کے اندر اندر اردو ترجمہ شائع کریں تمام ملکی قوانین کا اردو میں ترجمہ کیا جائے۔ تمام قابل ذکر جگہوں کے بورڈ اردو میں لکھنے، تمام یوٹیلیٹی بلز، پاسپورٹ سمیت دیگر دستاویزات اردو میں کرنے، سرکاری تقریبات میں اردو میں خطابات کو ترجیح دی جائے اور نفاذ کیا جائے مگر عدالتی احکامات کے باوجود اس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا اس لئے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن