خیبر پی کے، صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے باعث بند صنعتوں کی بحالی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے
پشاور (بی بی سی) خیبر پی کے میں تشدد کے واقعات کی وجہ سے بڑی تعداد میں صنعتیں بند ہو گئی تھیں اور اب بھی کم سے کم 478 صنعتیں بند ہیں۔ منصوبہ بندی کے صوبائی محکمے کے مطابق بند صنعتوں کی تعداد 1100 تک ہے جس سے ہزاروں مزدور بے روزگار ہوئے تاہم صوبائی حکومت نے اب صنعتوں کی بحالی کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں لیکن صوبے میں بند صنعتوں کے بارے میں فراہم کردہ اعداد و شمار میں تضاد پایا جاتا ہے۔ وزیراعلی کے صنعتوں کے بارے میں معاون کریم خان کا کہنا ہے کہ اس وقت لگ بھگ 2300 کل رجسٹرڈ صنعتیں ہیں جس میں 478 صنعتیں بند پڑی ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ان بند صنعتوں کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نجی سیکٹر میں اکنامک زون ڈویلپمنٹ کمپنی قائم کی گئی ہے جو صنعتوں کے حوالے سے خود فیصلے کرے گی۔ اس کے علاوہ خیبر پی کے میں خوشحالی کی واپسی کے حوالے سے سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 2007ء اور 2008ء کے بعد صوبے میں تقریباً 1100 صنعتیں بند ہوئی ہیں۔