گوجرانوالہ میں قتل ہونے والا ایکسین لاہور میں سپرد خاک، کئی شہروں میں مظاہرے
لاہور/ گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گوجرانوالہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی گیپکو کے ایکسین اور ڈپٹی منیجر سرویلنس مظہر نواب کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد لاہور کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن اور واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کی طرف سے واقعہ کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا اور لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ عہدیداروں کا کہنا ہے اگر قاتلوں کو فی الفور گرفتار نہ کیا گیا تو 19جنوری کو احتجاج کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائیگا۔ گوجرانوالہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے مظہر کی نماز جنازہ درس بڑے میاں قبرستان مغلپورہ میں ادا کی گئی جس میں فیسکو چیف قیصر زمان سمیت افسروں اور واپڈا ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو سپردخاک کردیا گیا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی آفس کے سامنے جی ٹی روڈ پر دن دیہاڑے فائرنگ سے ڈپٹی منیجر سرویلنس مظہر نواب کی ہلاکت اور محمد ابوبکر سٹینوگرافر کو شدید زخمی کرنے کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ لاہور میں واپڈا ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر احتجاج کیا گیا۔ علاوہ ازیںگوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر مقامات پر بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ماہ نومبر 2015ء میں یونین سے باہمی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق محکمہ بجلی کے ملازمین کو بجلی چوری روکنے کے دوران لاقانونیت کے مرتکب عناصر کیخلاف تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے آئے دن کارکن اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ فیصل آباد میں پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے زیراہتمام فیسکو ہیڈکوارٹرز کی گرائونڈ میں مقتول ایکسین گیپکو مظہر نواب کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ بعدازاں احتجاج کیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے ورکروں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ علاوہ ازیں تھانہ ماڈل ٹائون پولیس نے مقتول کے بھائی اطہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ اس افسوسناک واقعہ کیخلاف واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے ورکروں نے احتجاجی ریلی نکالی جس میں واپڈا ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھارکھے تھے جن پر مذمتی الفاظ درج تھے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق مقتول ایکسئین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ علاوہ ازیں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے ختم قل آج بعد از نماز ظہر اُنکی رہائشگاہ مکان نمبر 13، گلی نمبر 40 مجاہد آباد مغلپورہ لاہور میں ہو گا جبکہ مرحوم کی غائبانہ نمازہ جنازہ آج صبح ساڑھے 10بجے گیپکو ہیڈ کوارٹر گوجرانوالہ میں ادا کی جائیگی۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق گیپکو گکھڑ سب ڈویژن کے تمام سٹاف نے دن بھر خاموش اختجاج کیا اور کوئی کام نہ کیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع بھر کے واپڈا سب ڈویژنوں کے ملازمین نے مکمل ہڑتال کی اور دفاتر کی تالہ بندی کی۔