• news

ڈسکہ: اوباش افراد کی 8 سالہ بچی سے زیادتی، ڈیرہ پر پھینک کر فرار

ڈسکہ + وزیر آباد+ جھنگ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) ڈسکہ میں 8 سالہ بچی، وزیر آباد، جھنگ میں معذور سمیت 2 لڑکیوں سے زیادتی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ میں اوباش افراد کی 8 سالہ بچی سے زیادتی کی، بیہوشی کی حالت میں ڈیرہ پر پھینک کر فرار ۔ گلوٹیاں موڑ کے محنت کش جاوید کی 8 سالہ بیٹی (ا) گھر سے دہی لینے گئی لیکن کافی دیر تک واپس نہ آئی اس کی تلاش جاری تھی۔ گذشتہ روز تھانہ صدر کے علاقہ مالومہے میں ایک ڈیرہ سے (ا) نیم بیہوشی کی حالت میں ملی جسے ابتدائی طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ صدر پولیس نے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ وزیرآباد میں درندہ صفت انسان نے 18سالہ گونگی بہری معذور لڑکی سے زیادتی کی۔والدہ اور اہل علاقہ کا ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا۔ موضع احمد نگر چٹھہ کے نو احی علاقہ ورپال چٹھہ کے بشیر احمدکی معذور لڑکی (ر) کو انہی کے رشتے دار افضال احمد چٹھہ نے رات 10بجے گھر کے اندر زبردستی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایس ایچ او احمد نگر چٹھہ رانا بشارت کے موقف کے مطابق مدعیہ شہناز بی بی کی درخواست پر افضال احمد چٹھہ کے خلاف دفعہ 376کا مقدمہ درج کر کہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ لڑکی کی والدہ شہناز بی بی کے موقف کے مطابق ملزم نے میری اپاہج بیٹی کو ہوس کا نشانہ بنا کر درندگی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب سے پر زور اپیل ہے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جھنگ کے موضع بلو شہابل کے قاسم نے بتایا کہ اس کی جواں سالہ بیٹی مسماۃ (ب۔ب)کو محمد عرفان نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔علاوہ ازیں خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسکہ کے نواحی گاؤں میں اغواء کے بعد 8 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن