فائنل راؤنڈ: گوجرانوالہ سے ڈپٹی میئرز کے تمام امیدوار لاہور طلب
گوجرانوالہ (فرحان راشد میر سے) انتظار کی گھڑیاں ختم‘ بلدیاتی اداروں کی سربراہی کیلئے فائنل رائونڈ کا آغاز ہو گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے 8 رکنی پارلیمانی بورڈ نے گوجرانوالہ سے ڈپٹی میئرز کے تمام امیدواروں کو لاہور طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی اداروں میں میئرز اور ڈپٹی میئرز کے چنائو کے لئے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے باقاعدہ کام کا آغازکر دیا ہے اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 13 ڈپٹی میئرز کے امیدواروں کو 15 جنوری بروز جمعہ لاہور طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آٹھ رکنی پارلیمانی بورڈ جس میں سینیٹر پرویز رشید‘ سینیٹر سعود مجید‘ مشیر وزیراعلی منشاء اللہ بٹ‘ ندیم کامران‘ عطاء تارڑ‘ مہر اشتیاق‘ سمیع اللہ خان ودیگر شامل ہیں تمام امیدواروں کا فرداً فرداً انٹرویو کرے گا جس میں امیدوار کی پارٹی سے وابستگی اور خدمات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پارلیمانی بورڈ انٹرویوز کے بعد اپنی رپورٹ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز اور وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو پیش کرے گا جہاں سے فائنل رپورٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاںمحمد نواز شریف کو پیش کی جائے گی جن کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے سربراہ کے چنائو میں متعلقہ امیدوار کے ماضی کے ریکارڈ اور مشکل وقت میں پارٹی سے وابستگی کو خاص اہمیت دی جائے گی۔ گوجرانوالہ میں ڈپٹی میئر کے لئے 13 امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں جن میں سلمان خالد پومی بٹ‘ لالہ عصمت اللہ انصاری‘ عامر اکرام بٹ‘ حنیف مغل‘ خواجہ طارق نائیک‘ حمزہ بٹ‘ عدیل نثار‘ عاطف مسعود بٹ‘ ملک شہزاد وغیرہ شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ کی آبادی بیس لاکھ سے بڑھنے کی وجہ سے یہاں ڈپٹی میئرز کی تعداد2 سے بڑھا کر 4 کردی گئی ہے جبکہ لیبر اور ٹیکنوکریٹس کی مخصوص سیٹوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔