کراچی: سانحہ صفورا گوٹھ کے 8 ملزم فوج کے حوالے 18 مقدمات بھی ملٹری کورٹ میں منتقل
کراچی(صباح نیوز) سانحہ صفورا گوٹھ کیس فوجی عدالت میں چلانے کے لیے اس سانحہ کے 8 ملزموں کو فوجی حکام کے حوالے کردیا گیا، جب کہ ان کے خلاف 18 مقدمات بھی ملٹری کوٹ منتقل کردیئے گئے۔ ان افراد کو گزستہ روز سینٹرل جیل کراچی سے ملیر کینٹ منتقل کردیا گیا۔ جن میں ملزم سعد عزیز، عابد حسین، قمرسلطان، اظہر عشرت، عبدالرحمان، حسین عمر، سلطان قمر اور نعیم ساجد شامل ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزموں کے خلاف 10 سے زائد مقدمات دیگر عدالتوں میں زیر سماعت ہیں تاہم ملٹری کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی ملزموں کو دیگر عدالتوں میں پیش کیا جائے گا جب کہ جیل حکام کی جانب سے عدالتوں کو ملزموں کی منتقلی سے آگاہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 13 مئی کو کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں مسلح افراد نے اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے۔