• news

دہشت گرد تنظیم کا نام کوئی بھی ہو ختم کرینگے: پرویز رشید

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، دہشت گرد 20 کروڑ عوام کے دشمن ہیں، دہشت گرد تنظیم کا نام کوئی بھی ہو ختم کریں گے، ریاست کے دشمنوں میں سے کوئی بچ نہیں پائے گا، علاو ہ ازیں سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو خدمت کا موقع فراہم کریں، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی، وزیر اعظم محمد نواز شریف کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وہ کام کردکھائیں گے جو کسی نے گزشتہ کئی دہائیوں سے نہ کئے ہوں، عمران خان نے بھارتی وزیراعظم مودی سے ملاقات کے دوران کشمیر کی بجائے بلے اور گیند پر بات کی جبکہ نواز شریف نے اپنی ملاقات میں کشمیر اور خطے کے امن سمیت دہشت گردی اور غربت و افلاس کے خاتمے کی بات کی، بھارت سے جب بھی مذاکرات ہوں گے کشمیر پر بات ہوگی۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے،آزاد کشمیر میں 2011ء کے انتخابات کے نتیجے کو ہم نے تسلیم کیا اور اس کیخلاف احتجاج نہیں کیا، آزاد کشمیر کی حکومت کو پانچ سال کا موقع دیا تاکہ وہ یہ بہانا نہ کر سکے کہ اسے حکومت نہیں کرنے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کی ناقص کارکردگی پر ہم نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ وہ صبر و برداشت سے کام لیں۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی اور اپنی حیثیت اور منشور کے تحت انتخابات میں جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن