کراچی میں اہم سیوریج لائنیں سازش کے تحت بند کرائی گئیں، حساس اداروں کی رپورٹ
کراچی (سٹاف رپورٹر) حساس اداوں کی رپورٹ کے مطابق شہر کے اہم مقامات کی سیوریج لائنیں منصوبہ بندی سے بند کی گئی تھیں۔ حساس اداروں کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے نامعلوم افراد نے اتوار کی رات پانچ سیوریج لائنیں بند کیں۔ ان سیوریج لائنوں میں ایم اے جناح روڈ، سولجربازار، آئی آئی چندریگر روڈ کی لائنیں شامل ہیں۔ نیوکراچی اور اورنگی ٹاؤن میں بھی گٹر لائنیں ایک ہی طریقے سے بند کی گئیں، حساس اداروں نے دعویٰ کیا ہے ایک مقام پر لائن بند کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی مل گئی ہے۔ دیگر 4 جگہوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہے۔ دوسری طرف وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے ایم اے جناح روڈ پر گٹروں کو بند کرنے کے لیے ان میں بوریاں پھنسائی گئیں جس کا مقصد سندھ حکومت کو بدنام کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو گٹروں سے سازش کی بو آنے لگی۔ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے سازشی عناصر ان کے دورے خراب کرنا چاہتے ہیں، ایم اے جناح روڈ پر گٹروں میں بوریاں بھرنے والوں کا پتہ چلا لیا ہے۔