• news

سپریم کورٹ کا اپنے ملازمین کیلئے وکلاء کرنیکی اجازت نہ دینے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے اپنے ہی ملازمین کے لئے بنائے گئے رولز کی دفعہ 17کے تحت وکلاء کرنے کی اجازت نہ دینے کیخلاف دائر‘درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔اٹارنی جنرل، سندھ، پنجاب اور بلوچستان حکومت نے سپریم کورٹ قواعد وضوابط کے حق میں جبکہ خیبر پی کے حکومت نے اس کی شدید مخالفت کی ہے ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کے ملازم اشتیاق احمد کی درخواست کی سماعت کی۔ ان کی طرف سے حامد خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ حامد خان نے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ رولز کی دفعہ 17 آئین کے آرٹیکل 10Aسے متصادم ہے جس میں شفاف ٹرائل کی ضمانت دی گئی ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنے رولز بنانے میں آزاد ہے وہ جیسے چاہے رولز بنائے ان کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے لاء افسران نے بھی ان کے دلائل کی تائید کی تاہم خیبر پی کے حکومت نے اس کو آرٹیکل 10Aکی خلاف ورزی قرار دیا ہے جس پر عدالت نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں جاری کیاجائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن