دو روزہ پاک چین مشترکہ کاروباری مواقع کانفرنس 18 جنوری کو شروع ہوگی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان چین مشترکہ ’’کاروباری مواقع کانفرنس‘‘ 18 اور 19 جنوری کو اسلام آباد میں ہو گی جس میں چینی کمپنیوں اور نجی شعبہ کی 100 ممتاز شخصیات شرکت کرینگی۔ چینی وفد پاک چین ’’فرینڈز شپ ایسوسی ایشن‘‘ کے تحت آئیگا جبکہ وزارت تجارت کانفرنس کی میزبانی کریگی۔ چینی کاروباری افراد اور سی ای اوز کا وفد بعدازاں لاہور جائیگا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام کانفرنس میں شرکت کریگا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے وفد کو مختلف صنعتی مراکز کا دورہ کرایا جائے گا۔ چینی وفد بعدازاں کراچی جائیگا۔ 22 جنوری کو حکومت سندھ اور ٹی ڈی پی اے کراچی کی ممتاز کمپنیوں کے سربراہوں اور وفد کے درمیان ملاقاتیں کرائی جائیں گی۔ چینی وفد میں توانائی‘ انفراسٹرکچر‘ ٹیکسٹائل‘ زراعت‘ انجینئرنگ‘ کانکنی کے شعبوں میں کام کرنیوالی کمپنیوں کے سربراہ شامل ہوں گے جبکہ پاکستان کی طرف سے بھی ایک سو سے 120 ممتاز کمپنیوں کے سربراہوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ کانفرنس کا افتتاح وزیر تجارت خرم دستگیر خان کریں گے جبکہ کانفرنس میں سرمایہ کاری بورڈ‘ ایف بی آر‘ واپڈا‘ او جی ڈی سی ایل‘ وزارت منصوبہ بندی‘ پی پی آئی بی‘ ٹیلی کام کی وزارتوں کے نمائندے پریزنٹیشن دیں گے۔