مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال 2015-16ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 2 کھرب 76 ارب 95 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے 7 کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے 60 ارب 4 کروڑ، ایرا کیلئے 3 ارب 41 کروڑ، پاکستان ہزارہ ترقیاتی اہداف کیلئے 20 ارب روپے، سیفران/فاٹا کیلئے 7 ارب 76 کروڑ روپے، گلگت بلتستان بلاک کے لئے 4 ارب 91 کروڑ، اے جے کے بلاک کیلئے 4 ارب 71 کروڑ روپے، واپڈا پاور سیکٹر کے لئے 55 ارب 83 کروڑ روپے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے لئے 31 ارب 25 کروڑ روپے، پانی و بجلی ڈویژن کے لئے 12 ارب 12 کروڑ روپے، سپارکو کے لئے 20 کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔