• news

لوہاری: گھر میں آتشزدگی‘ خاندان کا سربراہ‘ اس کی بیوی‘ بیٹی‘ بیٹے اور بہن سمیت 6 افراد زندہ جل گئے

لاہور (سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) لوہاری گیٹ کے علاقہ میں گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی، ماں باپ اور 4سالہ بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد زندہ جل گئے۔ ہلاک ہونیوالوں میں بی اے کی طالبہ اور میٹرک کا طالب علم بچہ بھی شامل ہیں۔ آگ لگنے سے 3منزلہ عمارت راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ نعشیں بری طرح جھلس گئیں اور ان کی شناخت مشکل ہو گئی۔ راستے تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ 6 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور چند منٹ میں شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ آگ لگنے سے عمارت کی پہلی منزل اور گھر والوں کی دوڑیں لگ گئیں۔ انہوں نے دیواریں پھلانگ کر جانیں بچائیں۔ پہلی منزل پر موجود عطا نامی شخص کے خاندان کے افراد آگ لگنے کے فوراً بعد باہر نکل آئے۔ اندرون لوہاری گیٹ کے علاقے چوک جھنڈا کے رہائشی سبزی فروش شاہد کے گھر رات اڑھائی بجے اچانک آگ لگ گئی۔ لکڑی کی چھتیں ہونے کی وجہ سے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 3 منزلہ عمارت کو لپیٹ میں لے لیا اور چند منٹوں میں ہی شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ گھر میں موجود شاہد، اسکی بیوی 65 سالہ قیصرہ، بی اے کی طالبہ شاہد کی 21سالہ بیٹی عائشہ، شاہد کا 15سالہ بیٹا علی شاہد، شاہد کی بہن 65 سالہ گلشن بی بی اور گلشن بی بی کا 4 سالہ پوتا محمد علی آگ لگنے کے باعث چیختے چلاتے رہے اور زندہ جل گئے۔ آگ کی اطلاع ریسکیو ٹیموں کو دی گئی جبکہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کی کوششیں کرتی رہی۔ آتشزدگی سے ہلاکتوں پر پورا علاقہ افسردہ ہو گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گھر میں آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ آگ سے تباہ ہونیوالا گھر قومی اسمبلی کے ممبر حمزہ شہباز اور صوبائی اسمبلی کے ممبر خواجہ سلمان رفیق کے حلقہ انتخاب میں آتا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع سنتے ہی حمزہ شہباز نے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین یونین کونسل حاجی حنیف کو ہدایت کی کہ فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔

ای پیپر-دی نیشن