گوجرانوالہ: مبینہ پولیس تشدد سے زیرحراست ملزم ہلاک‘ ورثاء کا مظاہرہ‘ تھانہ پر پتھرائو‘ لاٹھی چارج
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) کینٹ پولیس کے مبینہ تشدد سے زبرحراست ملزم ہلاک، ورثاء کا جی ٹی رو ڈ بلاک کر کے شدید احتجاج، تھانہ پر پتھرائو۔ پولیس نے مذاکرات میں ناکامی پر لا ٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ تھانہ کینٹ کے علاقہ راہوالی سے دو ما ہ قبل ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف ایس اے حمید کے بیٹے رضا حمید کے گھر سے لاکھوں روپے اور زیورات چوری ہوئے تھے جس کا مقدمہ رضا حمید نے اپنے ڈرائیور لیاقت مسیح کیخلاف درج کرایا تھا، کینٹ پولیس نے لیاقت مسیح کو تین روز قبل تفتیش کیلئے سنٹرل جیل سے ریمانڈ پر تھانے منتقل کیا جہاں پر لیاقت حوالات میں دم تو ڑ گیا جس کی ہلاکت پر اسکے ورثاء نے الزام عائد کیا کہ لیاقت پولیس کے وحشیانہ تشدد کے باعث ہلاک ہوا۔ واقعہ کیخلاف لیاقت کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب تھانہ کینٹ کے باہر جمع ہو گئے۔ اس دوران مشتعل خواتین ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو دھکے دیتی اور گیٹ پر اینٹیں برساتی رہیں، خواتین نے تھانے کے سامنے سڑک پر لیٹ کر ٹریفک بلاک کر دی۔ واقعہ کی اطلاع پا کر اعلیٰ پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے مگر مذاکرات میں ناکامی پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دی۔ بتایا جاتا ہے کہ لیاقت پندرہ سال سے رضا حمید کے پاس ڈرائیور تھا۔ ادھر پو لیس کا موقف ہے کہ اے ایس آئی نعیم سنٹرل جیل سے لیاقت کو چوری کے مقدمہ میں تین روز قبل ریمانڈ پر لایا تھا، گزشتہ رات طبیعت خراب ہو جانے پر اسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ میڈیکل بورڈ کے ذریعے پوسٹمارٹم کروایا گیا ہے اور جو ڈیشل انکوائری کیلئے سیشن جج کو درخواست کی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشن نے واقعہ کی محکمانہ انکوائری شروع کر دی ہے۔ پو لیس کے مطابق لیاقت کی ہلاکت تشدد سے نہیں بلکہ دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔