لاہور‘ گوجرانوالہ سمیت پنجاب‘ سندھ میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا
لاہور/ گوجرانوالہ/ شیخوپورہ/ قصور/ ننکانہ صاحب (خبر نگار+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب اور سندھ میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے گذشتہ روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ ریٹرننگ افسران نے بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیا۔ پنجاب کی واحد میٹرو پولیٹن کارپوریشن (لاہور) کی 274 یونین کونسلوں کے548 چیئرمین اور وائس چیئرمین 1644جنرل کونسلروں‘ گیارہ میونسپل کارپوریشن کے 920چئیرمینوں‘ وائس چئیرمینوں‘ 35 ضلع کونسلوں کے 6562چیئرمین اور وائس چیئرمین‘ 19686 جنرل کونسلروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا جبکہ182 میونسپل کمیٹیوں کے 3587 وارڈوں کے 3587کونسلروں نے بھی حلف اٹھایا۔ اس طرح پنجاب میں 229بلدیاتی اداروں کے 35707 نمائندوں نے حلف اٹھایا۔ لاہور میں مٹیرو پولیٹین کارپوریشن کے 274 یونین کونسلوں کے انتخابات کا انعقاد کروانے والے 34 ریٹرننگ افسران نے اپنی اپنی 8 اور 9 یونین کونسلوں کے ممبران سے حلف لیا۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متوقع لارڈمیئر خواجہ احمد حسان نے سبزہ زار میں ڈائریکٹر فشریز لاہور کے دفتر میں اپنی یونین کونسل کے نومنتخب نمائندوں کے ساتھ حلف اٹھایا۔ آئی این پی کے مطابق ملتان میں یو سی 58 کے نومنتخب وائس چیئرمین رفیق طوطی نے جیل سے پیرول پر رہائی ملنے پر ہتھکڑی لگے ہاتھوں سے عوامی خدمت کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر کارکنوں نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا اور نعرے بازی کی۔ حلف برداری کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نومنتخب نمائندوں نے وعدے پورے کرنے کا عزم کیا۔ یونین کونسل 69 ملک وال کے نومنتخب چیئرمین منور اقبال اور وائس چیئرمین شفیق حلف نہ اٹھا سکے، ہائی کورٹ نے ان کیخلاف حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔ نومنتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں نے حلف نامہ میں عہد کیا وہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تمام قوانین پر غیر جانبداری سے عمل کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی اور جانفشانی سے سرانجام دیں گے۔ انہوں نے حلف لیا وہ مالی نظم ضبط کو تقویت دیں گے اور بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سرکاری رقوم کے غلط استعمال، خورد برد اور ضیاع کو ہرممکن طریقہ سے روکیں گے۔ انہوں نے عہد کیا وہ ہر قسم کے حالات میں عوام الناس سے قانون کے مطابق، خوف یا لالچ، بدنیتی یا کسی قسم کی تفریق کے بغیر منصفانہ انداز میں برتائو کریں گے۔ منڈی بہاؤالدین میں بلدیاتی نمائندوں کی آمد سے لگتا تھا یہاں قیمتی گاڑیوں کا مقابلہ ہے۔ بادشاہوں کی طرح آنے والوں نے عوام کو حیران کر دیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 14 کونسلر عمرہ کیلئے گئے ہوئے ہیں اس لئے وہ حلف نہ اٹھا سکے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق منتخب امیدواروں کی اکثریت اپنے عہدے سے متعلقہ امور و اہمیت سے ناواقف، زیادہ تر کو حلف دینے کا بھی علم نہ تھا۔ لاکھوں کروڑوں روپے لٹا کر منتخب ہونے والے امیدوار حلف لینے کی تقاریب میں حکومت پر برستے اور سٹی و ضلع کی میئرشپ کے لئے جوڑتوڑ میں مصروف نظر آئے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ کی 166یونین کونسلوں کے تیرہ سو اٹھائیس چیئرمین، وائس چیئرمین و جنرل کونسلرز،سات میونسپل کمیٹیوں کے 155 وارڈ کونسلرز، گجرات کی ایک سو سترہ یونین کونسلوں کے 936، چھ میونسپل کمیٹیوں کے 94 وارڈ کونسلرز، حافظ آباد کی انچاس یونین کونسلوں کے 392 چیئرمین، وائس چیئرمین و جنرل کونسلرز، تین میونسپل کمیٹیوں کے پنتالیس وارڈ کونسلرزنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد کی 46یونین کونسلز میں سے 45کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور 276 وارڈزکے جنرل کونسلر نے حلف اٹھایا۔ یوسی 8کولو تارڑ کے چیئرمین مامون جعفر تارڑ اور وائس چیئرمین ناصر میکن نے عدالت عظمی میں رٹ پٹیشن زیر سماعت ہونے کی وجہ سے حلف نہیں اُٹھایا۔ نامہ نگارخصوصی کے مطابق ڈی سی او آفس شیخوپورہ میں حلف برداری ہوئی جس میں ریٹرننگ آفیسر ڈی او سی محبوب عالم نے یو سی68تا 74کے7 چیئرمین، وائس چیئرمین اور 42کونسلرزسے حلف لیا جبکہ ریٹرننگ آفیسر اے سی ڈاکٹر رابعہ ریاست نے یو سی 45تا52کے7 چیئرمین، 8 وائس چیئرمین اور48جنرل کونسلرز سے حلف لیا۔ پتوکی نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے میاں محمد اشرف کیس کے باعث حلف نہ اٹھا سکے۔نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور میں حلف برداری ضلع کونسل ہال میں ہوئی جس میں ضلع کے تمام چیئرمین اور وائس چیئرمین اور کونسلر شامل تھے۔ کراچی میں میٹروپولیٹن کراچی کی 209 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین 209 وائس چیئرمین اور 836 وارڈ منتخب کونسلر نے حلف اٹھا لیا حلف اٹھانے والوں میں کراچی کی چھ ضلعی اور ایک ڈسٹرکٹ کونسل کے نمائندے بھی شامل ہیں۔