ٹیکسلا: ہیوی انڈسٹریز کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھا جائے: آرمی چیف
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عالمی معیار کے دفاعی اور حفاظتی آلات کی تیاری، آپریشن ضرب عضب سمیت فیلڈ فارمیشنز کیلئے مدد پر ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھا جائے، خود انحصار ی کے ذریعے قومی خزانے کی بچت یقینی بنائی جائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کمپلیکس (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا جنرل راحیل شریف کو دفاعی اور تجارتی مقصد کیلئے تیار کی جانیوالی مصنوعات اور مختلف فیکٹریز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ٹینک الخالد ۔ون، بکتربند گاڑیوں (اے پی سی) کی تیاری ، سکیورٹی وہیکلز ڈریگون، پروٹیکٹر اور محفوظ سے متعلق بریف کیا گیا۔ آرمی چیف نے ٹینک الخالد۔ ون کی تیاری کے مراحل اور اسکی کارکردگی کا مظاہرہ دیکھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی مصنوعات کو ملک کے اندر تیار کرنے اور انکی فروخت کی غرض سے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے اندر تیار کی جانیوالی سکیورٹی وہیکل محافظ اور پروٹیکٹر کے استعمال کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خود انحصاری کے ذریعے قومی خزانے کی بچت یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر وزارت دفاعی پیداوار کے سیکرٹری بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ہیوی انڈسٹریز کمپلیکس ٹیکسلا آمد پر آرمی چیف کا استقبال چیئرمین ایچ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل سید واجد حسین نے کیا۔