• news

چوروں، صہیونی ایجنٹوں کے ہاتھوں ملکی سالمیت خطرے میں ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا اور خون چوسنے والی جونکوں نے پاکستان کے جسم کو لاغر اور کمزور کردیا ہے، کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک میں اچھی شہرت کی حامل اور ’سٹیٹس کو‘ کی مخالف قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور چوروں اور لٹیروں کا کڑا اور بے رحم احتساب کرنے کیلئے آئینی اداروں کا بھی دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ عوام متحد ہوجائیں تو لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ 68 سال میںکرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔ قومی دولت لوٹنے والے قوم کے مجرم ہیں انہیں بچ نکلنے کا موقع دینا ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے، چوروں اور صیہونی اداروں کے ایجنٹوں کے ہاتھوں ملکی سالمیت خطرے میں ہے، احتساب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لٹیروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران جان بوجھ کر معیشت کو سدھرنے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔ معیشت آئی ایم ایف کے قرضوں اور ورلڈ بنک کی بھیک سے ٹھیک نہیں ہوگی، معیشت کو سدھارنا ہے تو سود کی لعنت اور بھیک کی عادت سے چھٹکارا پانا ہو گا۔ بیرونی بنکوں میں پڑے ہوئے چار سو ارب ڈالر قوم کی امانت ہیں، جن لوگوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے وہ کسی طرح بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔ انہیں مسند اقتدار پر نہیں، تختہ دار پر ہونا چاہئے۔ مسلح دہشت گردی معاشی اور سیاسی دہشت گردی کی پیداوار ہے۔ جماعت اسلامی دینی و اچھی شہرت کی حامل سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر کرپشن اور استحصالی و طبقاتی نظام کے خلاف ایک بڑی تحریک چلائے گی۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن