طالبہ زیادتی کیس: ضمانت کیلئے 7 ملزموں کی سیشن عدالت میں درخواست
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) طالبہ زیادتی کیس کے سات ملزموں نے ضمانت کے لیے سیشن عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ عدالت نے آئندہ پیشی پر ریس کورس پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ ریس کورس میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار سات ملزموں نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان پر زیادتی کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ لاہور کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشج جج نجف شہزادی نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو ملزم عدنان، بلال، ماجد وغیرہ کے وکلاءنے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے ناکافی گواہوں اور شہادتوں کے باوجود ان کے خلاف اجتماعی زیادتی کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدم درج کر رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ڈی این اے رپورٹ میچ نہیں کی۔ متاثرہ طالبہ (ب) نے براہ راست اپنے بیان میں انہیں نامزد نہیں کیا مگر اس کے باوجود تھانہ ریس کورس میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملوث کر دیا گیا۔ عدالت نے کارروائی 18 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
ضمانت / درخواست