گلگت بلتستان کی حیثیت بدلنے سے بھارتی موقف مضبوط ہو گا: بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی موجودہ حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ گلگت بلتستان کی حیثیت تبدیل کرنے سے جموں و کشمیر کی تقسیم کی راہ ہموار ہو گی، گلگت بلتستان کی موجودہ حیثیت تبدیل کرنے سے بھارت کا موقف مضبوط ہو گا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی موجودہ حیثیت تبدیل کرنے کے ممکنہ اقدام کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت کے خلاف بھی قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت انتخابات سے قبل ہی آزاد کشمیر میں دھاندلی کے منصوبے بنا رہی ہے، وفاقی حکومت کا ارادہ ہے وہ قومی خزانے سے نواز لیگ کے امیدواروں کو فنڈ دے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میرے لئے کشمیر اتنا ہی اہم ہے جتنا بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کیلئے تھا۔ جلد آزاد کشمیر جا کر حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں سے ملوں گا۔ پیپلز پارٹی پاکستان بھارت سربراہوں کے ذاتی اور کاروباری دوروں کے حق میں نہیں۔