سستے تیل سے نندی پورٹیرف کم ہو گا توانائی بحران کا حل ایل این جی ہے
اسلام آباد (این این آئی + نامہ نگار + نیوز نیوز ایجنسیاں) سینٹ نے کمیٹی برائے اخلاقیات کے قواعد اور ارکان سینٹ کیلئے ضابطہ اخلاق کے مسودے میں دو ترامیم کی منظوری دیدی جبکہ سینٹ کے ارکان کی اکثریت نے ضابطہ اخلاق لاگو کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ جے یو آئی ف اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی نے اس کی بھر پور مخالفت کرتے ہوئے کہا چیئرمین سینٹ نے بہت اچھے کام کئے ہیں ضابطہ اخلاق کا اچھا کام نہ کریں۔ ایک اور جمشید دستی آ گیا تو ہم کہاں جائیں گے۔ جبکہ ایوان بالا میں سینیٹر مشاہد حسین سید کی امریکی صدر بارک اباما کے حوالے سے تحریک التوا منظور کر لی گئی، چیئرمین سینٹ نے پاکستان میں کئی دہائیوں تک صورتحال غیر مستحکم رہنے سے متعلق اوباما کے سٹیٹ آف دی یونین خطاب کے حوالے سے تحریک پر آئندہ پیر کو بحث کرنے کی ہدایت کر دی۔ وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر سلیم ضیاء کے وزارت قانون و انصاف سے متعلق سوال پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب انہوں نے اپنے سوال کے تحریری جواب پراطمینان کا اظہار کر دیا لیکن انکے سوال کے جواب کی بجائے کتابچے میں درج تھا ’’جواب موصول نہیں ہوا‘‘ جس پر ایوان میں قہقہے بلند ہو گئے۔ چیئرمین سینٹ نے پنجابی میں کہا پرویز رشید صاحب آپ بہت لکی ہیں جواب بھی نہیں دیا اور لوگ بھی مطمئن ہیں۔ ارکان نے کہا یہ ہوتا ہے مک مکا۔ پرویز رشید نے کہا اس محبت اور نوازش کا شکر گزار ہوں اللہ اس طرح کا حوصلہ باقی سینیٹرز کو بھی دے۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے کہا ٹرانسمیشن لائنوں کی وجہ سے گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔ ٹرانسمیشن لائنوں کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت نے گیس کی قلت پر قابو پانے کے لئے اپنی تمام توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا حکومت پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ چھ ہزار کے قریب ملازمین کو چھ ہزار سے کم پنشن ملتی ہے۔ جب حالات اچھے ہوں گے تو یہ پنشن بڑھائی جائے گی۔ سینیٹر تنویر الحق تھانوی نے کہا میری غیر موجودگی میں میرے مدرسے پر رینجرز کی جانب سے چھاپہ مارا گیا اور انتظامیہ سے ناروا سلوک رکھا گیا جس کیخلاف احتجاج کرتا ہوں اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ چیئرمین سینٹ نے یہ معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا۔ ایوان بالاکو بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل میں کام کرنے والے کل ملازمین کی تعداد9512ہے ،4463ملازمین ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں، سینڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ سے گزشتہ تین برسوں کے دوران 45895 میٹرک ٹن پیداوار ہوئی اور 11.938 بلین روپے منافع کمایا گیا، انتخابی اصلاحات کمیٹی الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لے رہی ہے 2016ء کے لئے حج پالیسی زیر غور ہے‘ جنوری2013سے مارچ2015تک نیب میں مجموعی طور پر بدعنوانی کے1228مقدمات درج ہوئے ،5720.316ملین کی ریکوری ہوئی، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا تیل کی قیمتیں کم ہونے سے نندی پور پاور پراجیکٹ کا ٹیرف کم ہوگا۔ اس منصوبے پر کام جاری ہے۔ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے تحت اب تک 183 بلین روپے جمع کئے گئے ہیں۔ جن میں سے صوبہ سندھ سے 133.22 بلین‘ بلوچستان سے 4.703 بلین‘ پنجاب سے 38.226 بلین اور خیبر پختونخوا سے 6.763 بلین روپے وصولیاں کی گئی ہیں۔ یہ رقم ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے‘ ترکمانستان۔ افغانستان۔ پاکستان ۔بھارت (تاپی) پائپ لائن منصوبے‘ ایل این جی اور دیگر ذیلی منصوبوں کے بنیادی ڈھانچوں کی ترقی کیلئے استعمال کی جائے گی۔ ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کا واحد حل ایل این جی ہے۔ ملک میں گیس کی طلب پیداوار سے دوگنا ہے‘ ایل این جی سے اس طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔سینئر پولیس افسر اور نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر احسان غنی نے سینٹ کو بتایا کم تنخواہوں کے باعث نیکٹا کی تعمیرنو مشکل ہے۔