بے جا تنقید، الزام تراشی عمران کا وطیرہ ہے: زعیم قادری
لاہور (خصوصی رپورٹر) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ بے جا تنقید اور الزام تراشی عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے۔ عمران خان کی سیاست مخالفین پر تنقید تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ عوام نے دھرنا پارٹی کی لیڈرشپ کی طرز سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ باشعور عوام عمران خان کی لچھے دار گفتگو کا کوئی اثر نہیں لیتے۔ باتیں، باتیں اورصرف باتیں یہی عمران خان کا سیاسی منشور ہے۔ عوام کام کرنے والوں اور باتیں بنانے والوں میں فرق خوب جانتے ہیں۔ پنجاب پولیس پر تنقید کرنے والے خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں پولیس کی مداخلت دیکھ چکے ہیں۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر تنقید کر کے عمران خان سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں سید زعیم حسین قادری نے پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی دور کے منصوبے کرپشن، گھپلوں اور اقربا پروری سے بھرپور تھے۔ وہ اپنی مردہ سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔