پی ایچ اے نے لاہور میں تفریحی پارکوں کی بحالی، نئی تعمیر کیلئے 62 کروڑ مانگ لئے
لاہور (عدنان فاروق)صوبائی دارالحکومت کی دلکشی اور خوبصورتی میں اضافہ کے لئے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے480کنال سے زائد رقبہ پر موجود شہر کے چھوٹے بڑے تفریحی پارکوں کی بحالی و بہتری اور نئے مقامات پر پارکوں کے قیام کے لئے منصوبہ سازی مکمل کرکے حکومت سے 62کروڑ روپے کے فنڈز مانگ لئے ، تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے نے ضلعی حکومت کے ساتھ ملکر شہر کے17 بڑے پارکس اور 42 دیگرمقامات کی نشاندہی کی ہے جنہیں پی ایچ اے خوبصورت بنائے گا۔ پی ایچ اے ذرائع کے مطابق جیلانی پارک (ریس کورس پارک)، باغ جناح، قرشی پارک، مینار پاکستان ، جلو پارک، ناصر باغ سمیت 17دیگر پارکوں کی تزئین و آرائش اور ہارٹیکلچر کے لئے رفنڈز طلب کئے ہیں جبکہ شہر کے بے رونق 42مقات کو بھی خوبصورت بنایا جائے گا، جن میں اندرون شہر اور اس سے متصل 10 مقامات بولی باغ رنگ محل، پانی والا تالاب دو مقامات واسا اور فائر بریگیڈ دفاتر کے ساتھ ، تحصیل پارک ٹبی سٹی، یکی گیٹ سرکلر پارک، لاری اڈہ پارک، شیرانوالہ گیٹ پارک، بھاٹی گیٹ میٹرو بس سٹیشن، موچی گیٹ سرکلر روڈ، شاہدرہ میں مین بارہ دری روڈ، مقبرہ جہانگیر سے ملحقہ مغلیہ پارک، وحدت روڈ گرین بیلٹ، پوسٹ گریجوایٹ کالج وحدت روڈ پارک، گرین بیلٹ مصطفی ٹائون، اعظم گارڈن پارک نمبر ایک ، بی بلاک سبزہ زار ، جناح کالونی پارک سمن آباد، جعفریہ کالونی بند روڈ، فردوس کالونی گلشن پارک، پی اینڈ ٹی کالونی پارک ملتان روڈ، چلڈرن پارک نیو چوبرجی پارک، چلڈن پارک عالیہ ٹائون اوراولڈ عالیہ ٹائون پارک نزد رنگ روڈ، ثریا جبین پارک باغبانپورہ،گول باغ شادباغ، چائنہ سکیم نزد اڈہ ویگن سٹاپ 63، بارہ دری گرائونڈ میاں میر، افتخابر پارک ہربنس پورہ، بابری پارک نزد تاجپورہ بازار، فیصل ٹائون فلیٹ پارک نمبر 2، جی او آر فائیو فیصل ٹائون،سلامت پورہ گلبرگ، کچی آبادی ایف سی کالج،ایف بلاک نرسری پارک گلبرگ، گارڈن ٹائون میں نیوپارک ایبک بلاک حمایت اسلام ڈگری کالج اور عثمان بلاک پارک گارڈن ٹائون، نہرو پارک ابدالی روڈ شامل ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد نے نوائے وقت کو بتایا کہ فنڈز کی فراہمی کے لئے سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی ہے ، اور فنڈز جاری ہونے کی صورت پی ایچ اے پارکوں کی بحالی تزئین و آرائش کے کام کا آغاز کر دے گی۔