اقتصادی راہداری منصوبے پر کسی جماعت کو اعتراض نہیں: مشاہد حسین
اسلام آباد (این این آئی + آئی این پی) پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے قائم پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں نے بھرپور اور مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے‘ منصوبہ پاکستان کے وفاق کے روشن مستقبل‘ ترقی اور قومی وحدت کا ضامن ہے‘ کسی بھی جماعت کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر کوئی تحفظات نہیں اور نہ ہی کوئی جماعت اس کی مخالف ہے۔ اقتصادی راہداری پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین مشاہد حسین سید کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ ان کیمرہ اجلاس کے بعد غیر رسمی بریفنگ دیتے ہوئے مشاہد حسین سید نے بتایا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی لازوال دوستی کا اہم ستون ہے‘ کسی بھی جماعت کی جانب سے اس منصوبے کی مخالفت یا اس پر تحفظات کا اظہار نہیں کیا گیا بلکہ اس منصوبے کی جزئیات پر اختلافات یا تحفظات اٹھائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں خوش اسلوبی سے تمام امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کا بنیادی مقصد اس منصوبے کی نگرانی ہے۔ اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ راہداری منصوبے کے تحت بننے والا ریلوے ٹریک پورے پاکستان کے لئے ہے۔ ریلوے ٹریک کے حوالے سے ایم ایل ٹو ٹریک کے اظہار دلچسپی کے خطوط جاری کردیئے گئے ہیں اس کی فزیبلٹی آٹھ ماہ میں مکمل کی جائیگی، اس کے لئے فنڈز پی ایس ڈی پی سے استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فزیبلٹی کیلئے ہم اقتصادی راہداری کے منصوبے کے فیز ٹو کا انتظار نہیں کریں گے۔