• news

تربت: جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک، بنوں: 2 افراد کی نعشیں برآمد

تربت/ بنوں (اے این این+ آن لائن) تربت کے علاقے سومی میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی کے دوران جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ بنوں میں خاتون سمیت 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں جنہیں شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکور اور حساس ادارے نے تربت کے علاقے سومی میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونیوالوں کے قبضہ سے ایس ایم جیز، پسٹل اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں جبکہ مارے جانے والے ایف ڈبلیو او پر حملوں اور سرکاری املاک کے نقصان میں ملوث تھے۔ ادھر پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے اسماعیل خیل میں نامعلوم خاتون سمیت 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں، دونوں مقتولین کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس نے دونوں نعشوں کو تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا، تحقیقات شروع کر دی۔ ادھر صوابی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی اور ایک کار کے ذریعے 42 کلو افیون پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایک اطلاع پر پولیس نے ناکہ بندی کر کے انبار انٹرچینج کے قریب کار کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ دوران تلاشی موٹر کار کے خفیہ خانوں سے اعلیٰ کوالٹی کی افیون برآمد کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن