اسلام آباد، راولپنڈی میں سوائن فلو سے 3 افراد جاں بحق، پنجاب میں سیزنل انفلوئینزا کے مریضوں کی تعداد 29 ہو گئی
اسلام آباد، ملتان، لاہور (آن لائن+ نیوز رپورٹر) جڑواں شہروں میں سوائن فلو پھیلنا شروع ہو گیا، مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے، 13مریضوں میں بیماری کی تشخیص ہو گئی، پمز میں دو بیڈز پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوائن فلو کا مرض ملک کے دیگر حصوں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی پہنچ گیا۔ جڑواں شہروں میں اب تک تین مریض سوائن فلو کے ہاتھوں زندگی ہار چکے ہیں جبکہ مزید تیرہ مریضوں میں تشخیص ہو چکی ہے۔ ادھر ترجمان پمز ہسپتال کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں سوائن فلو سے متاثرہ کوئی مریض نہیں لایا گیا تاہم اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں سوائن فلو کے شبہ میں مریض لایا گیا۔ علاوہ ازیں پنجاب میں سیزنل انفلوئینزا (موسمی بخار) کے مریضوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے جبکہ رواں سیزن میں 2 ہلاکتیں ایسی بیماری کے باعث ہو چکی ہیں۔ اسی حوالے سے ڈائریکٹر جنرل صحت پنجاب ڈاکٹر امجد شہزاد نے نوائے وقت کو بتایا کہ رواں سیزن میں مریض کچھ زیادہ آئے ہیں۔ سیزنل انفلوئینز (HINI) جنوی کے آخر میں ختم ہو جائے گا۔