تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن‘ آرگنائزرز سمیت تمام تنظیمی عہدیدارآج سبکدوش
لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج جمعہ 15 جنوری سے تحریک انصاف کے عبوری ڈھانچے کو ختم کر دیا اور آرگنائزر سمیت تنظیمی عہدید ار آج سے سبکدوش کر دیئے گئے ہیں۔ عمران خان نے 7دسمبر کو اسلام آباد اجلاس کے بعد نئے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی انتخابات سے تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر تسلیم نورانی کی نگرانی میں کرائے جائیں گے جو تین مراحل میں مکمل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں خیبر پی کے‘ دوسرے مرحلے میں پنجاب‘ سندھ اور بلوچستان اور تیسرے مرحلے میں آزاد کشمیر‘ گلگت و بلتستان میں کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمشن کے اعلان کے مطابق انتخابات سے پہلے15جنوری سے 25اپریل تک رکنیت سازی ہو گی۔ چیف الیکشن کمشنر تسلیم نورانی کیلئے گارڈن ٹاؤن میں چئیرمین سیکرٹریٹ کو مختص کر دیا گیا ہے۔ جہاں سے رکنیت سازی مہم سے الیکشن کے مراحل تک امور نمٹائے جائیں گے۔