2 نئے کنوئوں سے گیس کی دریافت ، سپلائی بہتر ہوگی: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے دو نئے کنوئوں سے گیس کی دریافت سے سپلائی میں بہتری آئے گی، مارچ تک 380 میٹرک ٹن ایل پی جی پلانٹ کو سسٹم میں لائیں گے، ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے پر ہی پاکستان کی طرف سے گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت ہو گی، 2017ء میں توانائی کی قلت کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا، گیس کی کمی کا مسئلہ موسم سرما میں درپیش ہوتا ہے۔ وزیر مملکت جام کمال خان اور ایم ڈی او جی ڈی سی ایل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا او جی ڈی سی ایل نے رواں سال ریکارڈ 31 کنویں کھودنے کا پروگرام بنایا ہے۔ پنجاب میں ڈیمانڈ کے مطابق صرف 60 فیصد گیس موجود ہے، گیس کو ٹیل پوائنٹ تک پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔