پاکستتان سٹاک ایکسچینج میں بد ترین مندا سرمایہ کاروں کے ایک ارب روپے ڈوب گئے
کراچی (مارکیٹ رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 713.15 پوائنٹس کی کمی سے 31441.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں مندی کا رجحان رہا اور کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس 32200، 32100، 32000، 31900، 31800، 31700، 31600 اور 31500 پوائنٹس کی 8 نچلی نفسیاتی حدیں پار کرتے ہوئے 713.15 پوائنٹس کی کمی سے 31441.02 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 425.19 پوائنٹس کی مندی سے 18338.89 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مزیدبرآں کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 462.32 پوائنٹس کی کمی رونماء ہوئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1408.06 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 357 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 40 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 299 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مجموعی طور پر 19 کروڑ 2 لاکھ 53 ہزار 840 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 9 ارب 74 کروڑ 6 لاکھ 39 ہزار 351 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 67 کھرب 88 ارب 75 کروڑ 4 لاکھ 19 ہزار 60 روپے سے کم ہو کر 66 کھرب 49 ارب 14 کروڑ 52 لاکھ 27 ہزار 74 روپے رہ گیا۔ ۔ سرمایہ کاری میں ایک کھرب 39 ارب روپے سے زائد کمی ہوئی۔