بلدیاتی انتخابات، پنجاب اور سندھ کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری، اسلام آباد میں پولنگ آج ہو گی
اسلام آباد +کراچی (اے پی پی + سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی 27 مخصوص نشستوں پر الیکشن آج ہوں گے۔ ان نشستوں میں خواتین، کسانوں، ورکروں، ٹیکنو کریٹ، نوجوانوں اور غیر مسلموں کی نشستیں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد کی مختلف یونین کونسلوں سے منتخب ہونیوالے 50 چیئرمین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے سندھ اور پنجاب کی مخصوص نشستوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ انتخابات 14 فروری کو ہوں گے جن کیلئے کاغذات نامزدگی 20 اور 21 جنوری کو جمع کرواسکیں گے، 22 اور 23 جنوری کو جانچ پڑتال ہوگی،25 جنوری کو کاغذات نامزدگی درست یا مسترد کئے جائینگے، 27 کو کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل کی جاسکے گی، 28 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ ہوگی اور اسی روز انتخابی نشان الاٹ کرکے فائنل لسٹ جاری کردی جائیگی ۔ انتخابات خواتین، لیبر، نوجوانوں اور اقلیتوں کی نشستوں پر ہوں گے۔
مخصوص نشستیں / پولنگ