• news

لاہور : تباہی کا منصوبہ ناکام‘ اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی‘ راولپنڈی‘ خیبر پی کے میں چھاپے‘ 115 دہشت گرد گرفتار

لاہور (نامہ نگار+ ایجنسیاں) قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور پولیس نے جمعہ کو بھی دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے کارروائی میں اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی اور 8 افراد گرفتار کر لئے گئے۔ اسلحہ میں 120 پستولیں، 12 رپیٹر، 30 ہزار گولیاں اور 12 رائفلیں شامل ہیں۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے جو مختلف شہروں میں جرائم پیشہ افراد کو اسلحہ فراہم کرتے ہیں، ملزم کو گجومتہ سے پکڑا گیا، اسلحہ گاڑیوں میں لاہور لائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی اسلحہ کیخلاف مہم جاری رہے گی، ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے، گرفتار افراد میں حاجی خان، سحر گل، مبشر حسین، زوہیب، رانا عادل جبکہ سہولت کار تجمل حسین، شاہداللہ، دلاور اور صابر شامل ہیں۔ ملزموں کی نشاندہی پر لاہور میں اسلحہ ڈیلروں کو گرفتار کر لیا گیا جن میں حاجی خان، شیرگل، مبشر حسین، زوہیب اور رانا عادل شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے داتا دربار کے قریب کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے اہم رکن تسنیم کو پکڑ کر قابل اعتراض سی ڈی برآمد کرلی۔ ڈسکہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم اور حساس ادارورں نے ڈسکہ میں کالعدم جیش محمد کیخلاف سرچ آپریشن کیا اور جامع مسجد النور، قرآن محل اور شہدا کوارٹر کے قریب منڈیکی گورائیہ میں تنظیم کے دفاتر سیل کر دیئے تاہم کسی فرد کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ اسی طرح راولپنڈی کے علاقوں پیرودھائی، فوجی کالونی، ڈھوک حسو وغیرہ میں پولیس نے کارروائی کر کے 45 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے غیرقانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ دوسری طرف خیبر پی کے میں حساس اداروں نے داعش سے روابط کے الزام میں پشاور، کرک، ڈی آئی خان اور دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر 60 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ کوئٹہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 6 مشتبہ دہشت گرد گرفتار اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ پنجگور میں دہشت گردوں سے کمپاﺅنڈ رائفلیں، گولیاں اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ کوہلو میں فورسز نے بارودی سرنگ پھٹنے سے زخمی کالعدم تنظیم کے کارندے نجیب اللہ کو پناہ دینے کے الزام میں ڈرائیور جمعہ خان کو حراست میں لے لیا۔ اسی طرح کراچی میں ترجمان رینجرز کے مطابق پٹھان کالونی، گلشن حدید میں چھاپے مار کر کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ دریں اثناءجہلم میں تھانہ سٹی کی حدود سول لائنز میں سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
لاہور/ تباہی منصوبہ

ای پیپر-دی نیشن