ملکہ برطانیہ سے کوہ نور ہیرے کی واپسی کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم، دوبارہ دائر کر دی گئی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ملکہ برطانیہ سے کوہ نور ہیرے کی واپسی کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کو ختم کر کے درخواست دوبارہ دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار برسٹرسید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے کوہ نور ہیرا اس وقت کے دارالحکومت لاہور میں رنجیت سنگھ کے پوتے مہاراجہ دلیپ سنگھ سے چھین کر برطانیہ بھجوایا اور ایمپریس وکٹوریہ کو تحفے کے طور پر دیا۔ ایسٹ انڈیا کمپنی ریاست نہیں بلکہ ایک تجارتی کمپنی تھی جبکہ کوہ نور ہیرا ایک ریاست نے دوسری ریاست کو تحفہ میں دیا تھا۔ ایک سو پانچ قیراط اوراربوں روپے کی مالیت کا کوہ نور ہیرا چھین کر برطانیہ منتقل کیا گیا جس پر ملکہ کا کوئی قانونی حق نہیں۔ لاہور سے چھینا گیاکوہ نور ہیرا پنجاب کا ثقافتی سرمایہ اور پنجاب کے عوام کی ملکیت ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دولت مشترکہ کی سربراہ ہونے کی حیثیت سے ملکہ برطانیہ کا عہد حکومت ختم ہونے پر کوہ نور ہیرا لاہور منتقل کرنے کے لئے عدالت وفاقی حکومت کو احکامات صادر کرے۔