منڈی بہاؤالدین: یتیم لڑکی سے زیادتی کی کوشش، پولیس کو شکایت پر نوجوان قتل
منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار) بااثر بگڑے نوجوان کی لڑکی سے زیادتی کی کوشش، پولیس کو شکایت کرنے کے لئے جانے والوں پر حملہ کرکے ایک نوجوان کو قتل دو کو شدید زخمی کردیا، ملزم ساتھیوں سمیت ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پھالیہ کے نواحی موضع کوٹ رحم شاہ کی رہائشی سترہ سالہ لڑکی دوائی کے لئے ڈسپنسری پر جا رہی تھی راستے میں موجود گائوں کے بااثر نوجوان راسب علی نے اسے زبردستی پکڑ کر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی لڑکی کی چیخ و پکار پر لوگ اکٹھے ہوئے تو ملزم موقع سے فرار ہوگیا اور اپنے دیگر 8 ساتھیوں سمیت ڈنڈوں سوٹوں، اینٹوں اور آتشیں اسلحہ سے مسلح ہوکر یتیم لڑکی کے گھر پر حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں علی حسنین، زین علی اور نعیم اختر شدید زخمی ہوگئے اور ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے زخمیوں کو فوری طور تحصیل ہسپتال پھالیہ لایا گیا جہاں پر علی حسنین اور زین علی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لاہور سروسز ہسپتال ریفر کر دیاگیا 22 سالہ علی حسنین زخموں کی تالاب نہ لاتے ہوئے راستہ میں دم توڑ گیا۔ مقتول علی حسنین اور زین علی منگووال سے اپنی خالہ زاد بہنوں کے پاس کوٹ رحم شاہ آئے ہوئے تھے۔ مذکورہ لڑکی سمیت اس کی پانچ بہنوں کے والدین کچھ عرصہ قبل وفات پا چکے ہیں اور ان کوئی بھائی بھی نہیں جس وجہ سے درندہ صفت ملزم نے اس سے قبل بھی ان لڑکیوں کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی۔ 6 یتیم بچیاں ملزموں کے خوف سے گھر کو تالے لگا کر رشتہ داروں کے ہاں پناہ لینے پر مجبور ہو گئیں ملزموں کی طرف سے لواحقین کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔