• news

کئی وارداتیں قلعہ گجر میں گارڈنے بنک سے 34 لاکھ روپے لوٹ لئے

لاہور+ فیروز والا (نامہ نگاران + سٹاف رپورٹر) لاہور میں ڈکیتی چوری کی کئی وارداتیں، گارڈ نے ساتھیوں کی مدد سے بنک سے 34 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے سبزہ زار کے علاقہ سید پور میں تصور کی دکان سے 15لاکھ روپے مالیت کی نقدی وسامان، گلبرگ میں خاور سے 5 لاکھ، ریس کورس کے علاقہ ڈیوس روڈ پر ایک ٹریول ایجنسی کے مالک کامران اویس خان اور اس کے بھائی خاقان بابرسے ساڑھے 3 لاکھ، شمالی چھائونی میں جمشید سے 90ہزار، شالیمار میں ارسلان سے23 ہزار، موبائل فونز اور موٹرسائیکل لوٹ لی ہے۔ چوروں نے رائیونڈ میں یوسف کی دکان سے 15لاکھ روپے کی نقدی ودیگر سامان چوری کرلیا ہے ۔چوروں نے گلشن راوی میں سے شہزاد، باغبانپورہ میں اظہر،کاہنہ میں سے بشارت کی گاڑیاں جبکہ شاد باغ میں سے قیصر، اسلام پورہ میں وقاص، سول لائن میں عمیر، پرانی انارکلی میں قیصر، مسلم ٹائون میں اسد، سندر میں تنویر، نواب ٹائون میںفواد، گرین ٹائون میں رفیق، فیصل ٹائون میں محمد حسین اور کوٹ لکھپت میں سے رحمن کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں تھانہ قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں بینک گارڈ نے ساتھیوں کی مد د سے گن پوائنٹ پر 34لاکھ روپے لوٹ لئے عملہ کو بینک کے اندر رسیوں سے باندھ دیا، پیسے لوٹنے کے بعد بینک منیجر کی گاڑی اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی لے گئے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی جبکہ شاہدرہ کے علاقہ سے گاڑی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے ملزموں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میکلورڈ روڈ پر واقع نجی بینک کا گارڈ شعیب تھا صبح 7بجے شفٹ بدلنے پر شعیب بینک میں داخل ہوا بینک میں موجود دیگر 2گارڈز کو ناشتہ کروایا اور گارڈز کو نیم بے ہوشی کی حالت ہونے پر شعیب نے اپنے ساتھیوں کو بلوالیا اور گارڈز کو رسیوں سے باندھ دیا۔ ملزم بینک میں داخل ہونے والے عملہ کو بھی یرغمال بناتے گئے اور 1گھنٹے بعد بینک میں آنیوالے منیجر خالد مشتاق وخاتون کیشئر کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اور اس سے الماری کی چابی لیکر وہاں موجود 34لاکھ روپے نکال لئے۔ ملزموں نے بینک منیجر اور کیشئر کو بھی رسیوں سے باندھ دیا اور جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور منیجر کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔ ملزم جاتے ہوئے باہر سے شٹر بھی نیچے کر گئے۔ فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے پولیس نے بینک منیجر خالد فاروق کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 40/16درج کر لیا ہے۔ ملزم بینک منیجر کی گاڑی شاہدرہ کے علاقہ میں چھوڑ گئے ہیں۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل سوار سخاوت علی کو روک کر لوٹ لیا۔ موٹرسائیکل اور رقم چھین کر لے گئے۔ ڈاکوؤں نے وکیل چودھری عارف حسین اور اس کے تین ساتھیوں کو روک کر لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے رانا لیاقت علی کے گھر سے لاکھوں روپے کے زیورات، نقدی اور اسلحہ لوٹ لے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن