افغانستان : داعش اور طالبان میں جھڑپیں8 ہلاک متعدد زخمی
کابل (این این آئی+ صباح نیوز) افغانستان میں شدت پسند تنظیم داعش اور طالبان کے درمیان جھڑپوں کے دوران 8 شدت پسند مارے گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز ھسکہ مینہ ضلع میں دو مقامات پر شدت پسند تنظیم داعش اور طالبان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں 8 شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں داعش کے 6اورطالبان کے دوجنگجو شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک روز قبل صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والوں میں داعش خراساں کا سربراہ حافظ سعید بھی شامل ہے۔ حافظ سعید اورکزئی ایجنسی میں تحریک طالبان پاکستان کا امیر بھی رہ چکا تھا جبکہ 2013ء میں حکیم اللہ محسود کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد انہوں نے تحریک طالبان سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی تنظیم بنا لی تھی۔ حافظ سعید کو گزشتہ سال جنوری میں داعش خراسان کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔