نگرانی اور جائزہ نظام سے فیصلہ سازی میں مدد ملتی ہے: چیئرمین نیب
اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نگرانی اور جائزہ نظام سے نہ صرف فیصلہ سازی بلکہ ماضی، حال اور مستقبل کے اقدامات کو آپس میں منسلک کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے ڈی جی آپریشن نیب کو نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے درمیان مزید ہم آہنگی پیدا کرنے اور نیب انتظامیہ میں مختلف سطحوں پر ادارہ جاتی تعاون اور جائزہ میں مزید بہتری کیلئے فیصلوں پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا جس میں نیب کے نگرانی اور جائزہ نظام (مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن) پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نگرانی اور جائزہ نظام ترقی کیلئے اہم انتظام ہے۔ انہوں نے ڈی جی آپریشن نیب کو ہدایت کی کہ نیب کے تمام علاقائی بیووز کے درمیان مزید ہم آہنگی پیدا کی جائے اور نیب انتظامیہ میں مختلف سطحوں پر ادارہ جاتی تعاون اور جائزہ میں مزید بہتری کیلئے فیصلوں پر من و عن عمل کیا جائے۔