نارووال، گوجرانوالہ، شیخوپورہ کی ڈرینوں پر 613 ملین خرچ کر رہے ہیں: یاور زمان
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ نارووال ، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کے اضلاع کی ڈرینوں پر 613.50 ملین روپے خرچ کر رہے ہیں تا کہ ان ڈرینوں کی ڈسچارج کیپسٹی میں اضافہ کر کے سیلابی پانی کا انتظام بہتر بنایا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ممبران صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وفد کی قیادت چوہدری سجاد حیدر کر رہے تھے جبکہ محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرینوں میں نکاسی آب کا انتظام بہتر کرنے کے لئے ان کے کنارے مضبوط بنائے جا رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ اضافی حفاظتی پشتہ جات بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ اسی طرح آبی گزرگاہوں میں بھل صفائی بھی کروائی جا ئے گی تا کہ پانی کے بہا ؤ میں تعطل نہ آنے پائے ۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے بتایا کہ برساتی نالوں کی تباہ کاریوں سے عوام اور لائیو سٹاک کو محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی بندوں کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی اونچائی میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔