حکومت 4 لاکھ ٹن اضافی گندم برآمد کرنیکی جلد اجازت دے: چودھری افتخار
لاہور ( کامرس رپورٹر ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین( پنجاب ) چوہدری افتخار مٹو ، مرکزی رہنما عاصم رضااحمد اور میاں ریاض نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 4لاکھ ٹن اضافی گندم ایکسپورٹ کرنے کی اجازت ملنے کے بعد اب پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلد از جلداضافی گندم ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے تاکہ ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے۔پی ایف ایم اے کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں مقابلے کیلئے گندم پر 150 ڈالر کی ریبیٹ دی جائے کیونکہ انٹر نیشنل مارکیٹ میںگندم کی قیمتیںانتہائی کم ہیں جبکہ ہمارے گندم کی قیمت بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے عالمی منڈی میں ایکسپورٹ ممکن نہیں ،یوں سرکاری گوادموںمیں پڑی لاکھوں ٹن اضافی گندم کے خراب ہونے کا خدشہ ہے جس سے حکومت کو اربوںر وپے کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔پی ایف ایم اے کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ روسی ریاست قزقستان میں گندم کے نرخ 16 سوروپے فی 100 کلو گرام ہیں جبکہ پاکستانی مارکیٹ میں گندم ساڑھے32 سو روپے فی 100کلو گرام میںفروخت ہو رہی ہے جبکہ امریکن ،آسٹریلین اور کنیڈین گندم ریٹ 210 ڈالر ہے،یوں پاکستانی گندم کے نرخ زیادہ ہونے کی وجہ سے اضافی گندم کی ایکسپورٹ ممکن نہیں رہی تھی ۔تاہم وفاقی حکومت نے انتہائی دانشمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے 4 لاکھ ٹن اضافی گندم کو ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی ہے ۔