پاکستان سٹاک ایکسچینج پنبھل نہ سکی سرمایہ کاروں کو مزید 80 ارب 32 کروڑ روپے خسارہ
کراچی (مارکیٹ رپورٹر) پاکستا ن سٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس ) میں مندی کا تسلسل جاری ہے۔ سٹاک مارکیٹ اپنے قیام سے اب تک سنبھل نہیں سکی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ کاروباری ہفتے کے آخری دن جمعہ کو 100انڈیکس مزید 4نفسیاتی حدوں سے گرگیا۔سرمایہ کاری مالیت میں80 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت27.69 فیصد کم جبکہ 69.48 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے آئل، سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 31636پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اور انہو ں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس439.53 پوائنٹس کمی سے 31001.49 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 331 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 84 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ، 230 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ 17 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 80 ارب 32 کروڑ 1 لاکھ 13 ہزار 726 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 65 کھرب 68 ارب 82 کروڑ 51 لاکھ 13 ہزار 348 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر جمعہ کو 13کروڑ75 لاکھ 61 ہزار 240 شیئرز کا کاروبار ہوا جو گزشتہ روز کی نسبت 5 کروڑ 26 لاکھ 92 ہزار 600 شیئرز کم ہے۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایم آئی30 انڈیکس 710.61 پوائنٹس کمی سے 52835.14 پوائنٹس، کے ایس ای 30 انڈیکس 280.68 پوائنٹس کمی سے 18058.21 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 264.42 پوائنٹس کمی سے 21657.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔