سوائن فلو : لاہور 36 ملتان کراچی میں پانچ پانچ نئے مریض ہسپتالوں میں داخل
لاہور/ کراچی/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں سیزنل انفلوئنزا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لاہور میں 36 نئے مریض سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل کرائے گئے ہیں۔ یوں پنجاب میں مریضوں کی تعداد 95 تک پہنچ گئی ہے۔ زیادہ تر مریض ملتان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملتان میں سوائن فلو کے شبے میں مزید 5 مریض نشتر ہسپتال میں داخل کرا دئیے گئے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق اب تک 33 مریض لائے گئے جن میں سے 17 میں سوائن فلو کی تصدیق ہو چکی ہے۔ این این آئی کے مطابق لاہور میں سوائن فلو کے 36 نئے مریضوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12ہوچکی ہے۔ اسکی علامات عام انفلوئنزا کی طرح ہیں یعنی بخار، تھکاوٹ کا احساس، کھانے پینے سے دل اُچاٹ ہوجانا اور کھانسی ہے۔ تاہم سوائن فلو میں پیچش اور متلی کی کیفیات زیادہ شدید ہوسکتی ہیں۔ کراچی میں بھی سوائن فلو کے 5 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ راولپنڈی میں سوائن فلو سے تین اموات کے بعد محکمہ صحت جاگ گیا، سوائن فلو سے نمٹنے کیلئے انتظامات کر لئے۔ وزارت قومی صحت کے مطابق ملک میں حالیہ موسمی انفلوئنزا وائرس نے خطرناک شکل اختیار نہیں کی، تاہم انفلوئنزا وائرس سے معمولی عارضے سے لیکر موت تک واقع ہوسکتی ہے۔ انفلوئنزا وائرس ایچ ون این ون کی ذیلی اقسام کے وائرس مختلف حصوں میں موجود ہیں جب تک ایچ ون این ون اپنی ہیئت تبدیل نہیں کرتا اسے خطرناک قرار نہیں دیا جا سکتا۔
سوائن فلو