پٹھان کوٹ واقعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اقدامات ناکام بنانے کی کوشش ہے : امریکہ
واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کو امن کے قیام کےلئے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں،پٹھانکوٹ واقعہ بھارت اورپاکستان کے درمیان امن کے قیام کےلئے اقدامات کو ناکام بنانے کی ایک کوشش ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے گزشتہ روز معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکہ کی یہ خواہش ہے کہ پاکستان اوربھارت مذاکرات کا عمل جاری رکھیں اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کےلئے مل کر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے وزراءاعظم کے درمیان حالیہ گفتگو خوش آئند ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے پٹھانکوٹ ایئربیس پرحملے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کےلئے اقدامات کا عزم ظاہرکیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹھانکوٹ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان امن کے قیام کےلئے اقدامات کو ناکام بنانے کی ایک کوشش تھی،اس طرح کے حملے کرکے امن کے قیام کےلئے کوششوں کو ناکام بنایا جاتا ہے تاہم اس کا انحصار قیادت پر ہے کہ وہ اس صورتحال سے کس طرح عہدہ برآ ہوتے ہیں۔ اس طرح کے حملوں سے قیادت کے دلوں میں شکوک وشبہات کے بیج بوئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کی طرف سے واقعہ کے بعد روابط اورتعاون خوش آئند ہے، امریکہ کو اس سے حوصلہ ملا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں اور ہماری خواہش ہوگی مذاکرات جاری رہیں۔
امریکہ